تازہ ترین

لاہور، عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔

تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

وکیل نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مقدمے سے دستبردار کرنے کی درخواست کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل کیپٹن (ر) صفدر کو ضلع کچہری میں پیش کیا گیا تھا، پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ تفتیش کرنی ہے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

وکیل کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ میرے موکل کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، مقدمے سے دستبردار کیا جائے۔

مزید پڑھیں: لاہور:کیپٹن (ر) صفدرکو گرفتارکرلیا گیا

پراسیکیوٹر جنرل نے کیپٹن (ر) صفدر کی اشتعال انگیز تقاریر کی سی ڈی عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ تقاریر میں وہ عوام کو حکومت کے خلاف اکسا رہے ہیں، ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا عدالت میں کہنا تھا کہ مجھے پکڑا گیا تو پتا ہی نہیں چلا کہ کون گرفتار کررہا ہے۔

وکیل فرہاد شاہ نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کا تعلق کسی کالعدم تنظیم سے نہیں ہے، کسی کی خواہش پر ایف آئی آر میں دفعات شامل نہیں کی جاسکتی ہیں۔

عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مقدمے سے دستبردار ہونے کی استدعا اور پراسیکیوٹر کی جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کو راوی ٹول پلازہ سے گرفتار کیا تھا، انہیں حکومت کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے مریم نواز کی عدالت میں‌ پیشی کے دوران پولیس پر حملہ بھی کیا تھا اور اس کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے ضمانت کرالی تھی۔

Comments

- Advertisement -