نئی دہلی : بھارت میں ایک مشتعل کار سوار نے معمولی جھگڑے کے بعد گلی میں کھڑے افراد کو کچل دیا، حادثے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک تنگ گلی سے گزرتے ہوئے ایک کار کی موٹر سائیکل سے ٹکر ہوگئی جس کے بعد دونوں افراد آپس میں تلخ کلامی پر اتر آئے۔
مذکورہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، علاقہ مکینوں نے فوری طور پر مداخلت کی اور صورتحال پر قابو پایا لیکن کار ڈرائیور جو شدید غصے میں تھا، اس نے کسی کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ایکسلیٹر دبایا اور وہاں موجود لوگوں پر گاڑی چڑھادی۔
#Delhi : मामूली विवाद के बाद शख्स ने कई लोगों को कार से कुचला pic.twitter.com/lsEO2kxyqn
— NDTV India (@ndtvindia) October 28, 2022
واقعے کی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کار ڈرائیور نے گاڑی کو کس بے دردی سے لوگوں پر چڑھایا۔
ملزم نے فوری طور پر دوبارہ کار بھگائی اور گلی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
بعد ازاں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے ڈرائیور کا سراغ لگایا اور اسے اس کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا۔