نیپلز: امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفان کی زد میں آنے والے ایک بوڑھے شہری کو بچانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ایان نے فلوریڈا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں۔
ایسی ہی ایک ویڈیو جمعرات کو فلوریڈا کے شہر نیپلز کے علاقے بونیٹا اسپرنگز سے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں سڑک پر بہتے خوفناک سیلابی ریلے میں ایک کار پھنسی ہوئی ہے۔
کار ایک بزرگ شہری چلا رہے تھے، لیکن سڑک پر کمر تک آئے ہوئے پانی کے ریلے سے ان کے ڈوب کر مرنے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم مقامی لوگوں نے انھیں بروقت بچا لیا۔
This group spotted an elderly man who was stuck in his car in Naples. "He maybe had 10 more minutes before the car was submerged," (🎥:Lemigavra)
— GoodNewsCorrespondent (@GoodNewsCorres1) September 29, 2022
ویڈیو میں مقامی کمیونٹی کے افراد کو تیز ریلے میں بوڑھے امریکی کو بچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس عمل نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے دل جیت لیے۔
ویڈیو کے مطابق بزرگ شہری کو کار سے نکالنے کے بعد دو افراد نے انھیں گود میں اٹھا کر محفوظ مقام پر منتقل کیا، صورت حال دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اگر مدد ملنے میں تاخیر ہوتی تو بوڑھا شخص اپنی کار ہی میں ڈوب جاتا۔
ٹویٹر پر اس ویڈیو کو اب تک ساڑھے تین لاکھ لوگ دیکھ چکے ہیں۔