لاہور: اسموگ تدارک کیلئے اسکولوں میں طلبا ، والدین اور اسٹاف کیلئے کارپولنگ لازم قرار دینے کی ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں خطرناک حد تک بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور اسموگ کے تدارک کے لیے محکمہ تحفظِ ماحول (ای پی اے) پنجاب نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام اسکولوں کو طلبہ، والدین اور عملے کے لیے ’کار پولنگ‘ کے فروغ کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ماحولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے اس اقدام کو انسدادِ اسموگ کی کلیدی حکمت عملی کا باقاعدہ حصہ بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ڈی جی ماحولیات نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہی علاقے یا روٹ سے آنے والے طلبہ، والدین اور اسکول عملے کے لیے باہمی رضامندی سے گاڑیوں کے مشترکہ استعمال کو ممکن بنایا جائے۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
صبح کے اوقات میں اسکولوں کے باہر گاڑیوں کی شدید آمدورفت کے باعث ٹریفک جام اور گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں آلودگی میں اضافے کی بڑی وجہ ہے، اسکولوں کے اطراف گاڑیوں کی تعداد کم کر کے اسموگ پر مؤثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔
ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کے مطابق شہر میں گاڑیوں کا غیر ضروری اور انفرادی استعمال لاہور میں فضائی آلودگی کے مسئلے کو سنگین بنا رہا ہے، جس کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔


