منگل, نومبر 5, 2024
اشتہار

کامیاب خواتین کی جانب سے بہترین کیریئر کے لیے مشورے

اشتہار

حیرت انگیز

آج کے جدید ترقی یافتہ دور میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور خواتین کا کیریئر بھی اتنی ہی اہمیت رکھتا ہے جتنا مردوں کا کیریئر۔

امریکی جریدے فورچون نے دنیا بھر کی مشہور خواتین سے کیریئر میں کامیابی کے لیے کچھ مشورے دریافت کیے جو یقیناً ان تمام خواتین کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گے جو اپنے پسندیدہ شعبے میں اپنا نام کمانا چاہتی ہیں۔

اپنی شخصیت کو پہچانیں

- Advertisement -

دنیا کی تمام کامیاب خواتین و مرد اس ایک نقطے پر متفق ہیں کہ کسی کی نقل کرنا کبھی بھی آپ کو کامیاب نہیں بنا سکتا۔ ہر شخص دوسرے شخص سے مختلف ہے لہٰذا جو آپ ہیں وہی رہیں۔ اپنی اچھی عادتوں کو اجاگر کریں اور بری عادتوں پر قابو پانے کی کوشش کریں۔

معروف انشورنش کمپنی ایٹنا کی صدر کیرن لنچ اس بارے میں اپنا تجربہ بتاتی ہیں، ’جب مجھے ایک بڑے عہدے پر تعینات کیا گیا تو مجھ سے کہا گیا کہ میں گلابی رنگ نہ پہنا کروں کیونکہ یہ نو عمر لڑکیوں کا رنگ ہے۔ میں نے صاف انکار کردیا کہ میرا لباس یا اس کا رنگ میری صلاحیتوں اور اندرونی حوصلے کا تعین نہیں کرسکتا۔ میں نے گلابی لباس پہننا ترک نہیں کیا‘۔

خوداعتمادی کامیابی کی کنجی

کامیابی کے لیے خود اعتمادی کا ہونا بے حد ضروری ہے۔ کبھی کبھی آپ صرف اس لیے موقع کھو دیتے ہیں کونکہ آپ وقت پر اعتماد کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں اور سوال نہیں کر پاتے یا جواب نہیں دے پاتے۔

اپنے اندر اعتماد پیدا کیجیئے، سوال پوچھیں اور جواب دیں، چاہے سب خاموش ہوں۔

مزید پڑھیں: خود اعتماد افراد کی 8 عادات

امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ڈیلوئٹ کی سی ای او کیتھی اینجل برٹ اس بارے میں کہتی ہیں، ’اپنا ہاتھ کھڑا کریں، خطرہ مول لیں اور ناکامی سے مت گھبرائیں۔ ناکامی کا خوف کامیابی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے‘۔

مواقعوں کو خوش آمدید کہیں

اپنے شعبے میں محدود ہوجانا اور جمود صلاحیتوں اور کامیابی دونوں کی بربادی کا سبب بن سکتا ہے۔ اپنے آپ کو لچکدار بنائیں، نئے مواقعوں کو خوش آمدید کہیں اور اگر وہ تبدیلیاں مانگتی ہیں تو تبدیل ہونے سے نہ ہچکچائیں۔

فیس بک کی چیف کو آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈبرگ اس بارے میں کہتی ہیں، ’ہمیشہ نئے موقع کو حاصل کریں، بے شک آپ سمجھتی ہوں کہ آپ اس کے لیے تیار نہیں، لیکن نیا چیلنج قبول کرنے سے مت گھبرائیں‘۔

زندگی کا توازن برقرار رکھیں

خاتون ہونا آپ پر دوہری ذمہ داریاں عائد کرتا ہے، اگر آپ پروفیشنل خاتون ہیں تو آپ کو کام اور گھر دونوں کو دیکھنا ہے۔ کامیاب خواتین کا ماننا ہے کہ آپ دونوں کام بیک وقت کر سکتی ہیں، بس اس کے لیے آپ کو زندگی میں توازن لانا ہوگا۔

معروف چاکلیٹ کمپنی ہارشے کی صدر مشعل بک کہتی ہیں، ’اپنی زندگی کو اپنے لیے بنائیں، نہ کہ اپنا آپ زندگی کے لیے، آپ ایک کامیاب پروفیشنل خاتون بھی ہوسکتی ہیں اور ساتھ ہی ایک بہترین ماں بھی‘۔

اچھے لوگوں کے درمیان رہیں

یہ نقطہ حسد سے بچنے کا سبق دیتا ہے۔ کامیاب خواتین کے مطابق اپنے سے بہتر لوگوں سے تعلقات رکھنا آپ کو آگے بڑھنے کی طرف اکساتا ہے۔

ریٹیل کمپنی وال مارٹ کی چیف کو آپریٹنگ آفیسر جوڈتھ مک کینا کہتی ہیں، ’اگر آپ کسی اونچے عہدے پر ہیں تو اپنے سے زیادہ قابل اور باصلاحیت لوگوں کو رکھنے سے نہ گھبرائیں۔ آپ کی ٹیم کے باصلاحیت ارکان ایک بہترین ٹیم تشکیل دے سکتے ہیں جس سے آپ کو نہ صرف کچھ نیا سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ آپ کی کامیابی کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگا‘۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں