جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

امریکا کیساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے ، مگر ہرمعاملے پر اتفاق ضروری نہیں،نگران وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ امریکا کیساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے، مگر ہر معاملے پراتفاق ضروری نہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ہارورڈیونیورسٹی کے طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکوں کے درمیان امور پر اتفاق اور اختلاف رہتاہے، ضروری نہیں کہ امریکا کے ساتھ ہر معاملے پر اتفاق ہو۔

انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ امریکاکےساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے، امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکا سے قریبی تعاون ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ امریکی معاشرہ ایک متنوع حیثیت کاحامل ہے، گزشتہ200برسوں میں امریکانے زبردست ترقی کی، باقی ملکوں کیلئے امریکی ترقی سے سیکھنےکےمواقع ہیں۔

انھوں نے ہارورڈیونیورسٹی کے طلبا سے گفتگو میں بتایا کہ امریکاکیساتھ ملکر پاکستان نے طویل جنگ لڑی ہے، ہم نے ملکر عالمی امن کیلئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے، پہلے ہمارے پڑوس میں ایک بڑی سپرپاور روس موجود رہا، امریکا کی قیادت میں مغربی ممالک کا بڑا اتحاد بھی ہمارے پڑوس میں رہا، جغرافیائی محل و قوع کی وجہ سے عالمی طاقتوں کی ہمارے پڑوس میں موجودگی کاہم پر گہرا اثر ہوا۔

انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ آئی ایم ایف کوایک دشمن کےطورپرکیوں پیش کیاجاتاہے؟ ہماراسب سےبڑامسئلہ ہمارے وسائل اوراخراجات میں توازن نہ ہونا ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹر امریکی معاشرے میں ہماری پہچان ہیں، پاکستان اپنےڈاکٹرزکی اعلیٰ تعلیم اور معیاری تربیت پربہت خرچ کرتاہے، پاکستانی ڈاکٹرزاپنی مہارت کی وجہ سے دنیامیں جانےجاتےہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اچھےمواقع کی تلاش میں ملک سےباہر جانا کوئی انہونی بات نہیں، 60اور70کی دہائی میں بھارت سے پڑھے لکھے نوجوان ملک سےباہرگئے اور 30سال بعد وہی لوگ اپنے ملک کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوئے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان جہاں بھی جائیں کامیاب ہوں، پاکستانی عوام بہت باصلاحیت ہیں، پاکستانی عوام میں موجودہ بحرانوں پرقابوپانےکی مکمل صلاحیت ہے۔

جمہوری عمل کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں جمہوری عمل تسلسل سے جاری ہے، گزشتہ15سالوں میں3اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری کی، حکومت کی تبدیلی آئینی طریقے سے عمل میں آئی، جمہوری عمل کا ارتقا ہو رہا ہے،حکومت تبدیلی کا آئینی طریقہ کار موجود ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمہوریت ہی پارلیمنٹ کی مضبوطی کی ضامن ہے، جمہوریت اور عددی بنیادپرآمریت میں فرق جاننا ضروری ہے، ہمارے پڑوس میں بھی جمہوریت کے نام پر یہی کچھ ہورہاہے، جمہوری معاشرے میں ہرفرد کےحقوق کاتحفظ ضروری ہوتاہے۔

انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ جمہوریت ہی پارلیمنٹ کی مضبوطی کی ضامن ہے، ایک ادھورےبیان پرمجھے 48 گھنٹےٹرولنگ کا سامنا رہا، میرےبیان کا کچھ حصہ کاٹ کر ٹرولنگ کی گئی، میرے لئے اہم ہے پاکستانی طلباجہاں بھی ہوں کامیاب رہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں