سوات: نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک شاہانہ پروٹوکول کے ساتھ سوات پہنچ گئے، انھوں نے عمائدین سے ملاقاتیں اور والد کی قبرپر فاتحہ خوانی کی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم نے سوات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ انتخابات 25 جولائی کو ہی منعقد ہوں گے۔
ناصر الملک کا کہنا تھا کہ وہ صرف 2 ماہ کے لیے نگراں وزیراعظم ہیں، لیکن انھیں جو اختیارات حاصل ہیں ان کے مطابق لوگوں کی خدمت کریں گے۔
نگراں وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں تمام کام صرف آئین کے مطابق ہوں گے، میں سوات کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی اقدامات کروں گا۔
ناصر الملک نے سوات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی، کوشش ہے انتخابات بر وقت اور شفاف منعقد کیے جائیں۔
نگراں کابینہ: جسٹس ناصر الملک کے مختلف شخصیات سے رابطے
دریں اثنا دو ماہ کے لیے نگراں وزیر اعظم بھی شاہانہ پروٹوکول کے سلسلے میں کوئی اچھی مثال قائم نہ کرسکے، ہیلی کاپٹر میں آبائی شہر سوات پہنچے، ڈیڑھ درجن گاڑیوں کا پروٹوکول ساتھ رہا۔
واضح رہے نگراں وزیر اعظم اپنی نگراں کابینہ کی تشکیل کے لیے بھی سرگرم عمل ہیں، گزشتہ روز انھوں نے اس سلسلے میں مختلف شخصیات سے رابطے بھی شروع کر دیے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔