کراچی: سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں نگراں سیٹ اپ تاحال نہیں آسکا ہے، تینوں صوبے نگراں وزیر اعلیٰ کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے تین صوبوں میں نگراں سیٹ اپ کے سلسلے میں معاملات بات چیت سے آگے نہیں بڑھ سکے ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، جب کہ سندھ میں آج پھر بیٹھک ہوگی۔
صوبہ سندھ اور صوبہ کے پی کے میں آج اسمبلیاں بھی تحلیل ہوچکی ہیں، سندھ میں قائد ایوان مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے فضل الرحمان اور جاوید جبار کے نام دیے گئے ہیں، پیپلز پارٹی نے ڈاکٹر قیوم سومرو، یونس سومرو اور غلام علی پاشا کے نام دیے ہیں۔ جن میں سے فضل الرحمان یا غلام علی پاشا کے نام پر اتفاق ہونے کا امکان ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کوئی بحران نہیں ہے، آئین کے مطابق اکتیس مئی تک ہمارے پاس وقت ہے۔ دوسری طرف بلوچستان میں بھی نگراں وزیراعلیٰ کا انتخاب تاحال نہیں ہوسکا ہے۔
بلوچستان اسمبلی اکتیس مئی کو ختم ہو جائے گی لیکن اب تک وزیراعلیٰ عبد القدوس بزنجو اور عبد الرحیم زیارت وال کی ملاقاتیں بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں۔
سندھ اورخیبرپختونخواہ کی اسمبلیاں مدت پوری ہونےکے بعد تحلیل
بلوچستان اسمبلی کی اپوزیشن قاضی اشرف اور اسلم بھوتانی کے ناموں پرقائم ہے جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نےعلاؤ الدین مری اور کامران مرتضیٰ کے نام دیے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جانے کا امکان ہے۔
دوسری طرف خیبر پختونخوا میں بھی یہی صورت حال ہے، نگراں وزیراعلیٰ کے لیے نئے نام پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے، اس سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن میں آج پھر ملاقات ہوگی۔ خیال رہے کہ پنجاب میں ناصر سعید کھوسہ کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کردیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔