حیدرآباد: نگراں وزیر مائنز اینڈ منرلز ڈیولپمنٹ سندھ میر خدا بخش مری کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اتنے ذخائر ہیں کہ ہم دوسرے ممالک کو قرض دے سکتے ہیں، اس سلسلے میں تمام تفصیلات عوام کے ساتھ شئیر کی جائیں گی۔
میر خدا بخش مری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سندھ کے منرلز صوبے کے شہریوں کی ملکیت ہے، منرلز پر درست کام سے روزگار بھی پیدا ہوگا اور ملک کا فائدہ ہوگا، نئی ریسرچ کیلیے معاہدے کر رہے ہیں جس سے وسیع فوائد حاصل ہوں گے۔
نگراں وزیر نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے فائدہ حاصل کریں گے، کارونجھر پر میڈیا اصل تصویر واضح کرے، آئندہ ہفتے تھر کا دورہ کریں گے میڈیا ساتھ چلے جہاں عالمی میڈیا بھی ساتھ ہوگا، جہاں جہاں ہماری ثقافت ہے ہم اس کو اجاگر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں بھی جعلی مائننگ ہو رہی ہے ہم اس کے خلاف ہیں، غیر قانونی مائننگ کا ہم سے کوئی تعلق نہیں یڈیا نشاندہی کرے کاروائی کریں گے، معدنیات ملک کا اثاثہ ہیں ہمیں کشکول توڑ کر اس کو استعمال کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ قدرتی معدنیات ہمارے ملک میں نکلتا ہے تو ہم کیوں نہ نکالیں، تاریخ میں پہلی بار مائننگ کو پبلک کرنے جا رہے ہیں۔
الیکشن کے بارے میں میر خدا بخش مری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے الیکشن کمیشن جب کہے ہم الیکشن کروائیں گے، مجھے صوبے اور ملک کی ترقی کیلیے میڈیا کا تعاون درکار ہے۔