ملتان : پنجاب پولیس نے تین بہن بھائیوں کی موت کے ذمہ دار اتائی ڈاکٹر کے خلاف دوسرا مقدمہ درج کرلیا۔
ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں اتائی ڈاکٹر کی مبینہ غلط دوائی نے تین معصوم بچوں کی جان لے لی تھی، جس کے بعد ملزم اتائی سلیم کے خلاف بچوں کے والد کی مدعیت میں پہلا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ملزم کے خلاف دوسرا مقدمہ محکمہ صحت پنجاب کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ملتان کے علاقے حامد پور کنورا کے رہائشی خادم حسین نے بچوں کی طبیعت خراب ہونے پر مقامی ڈاکٹر سے دوا لی تھی، دوائی کھاتے ہی بچوں کی حالت خراب ہوگئی تھی، گیارہ سالہ دانش اور آٹھ سالہ سائرہ جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ تیسرا بیٹا محمد منیب نے نشتر اسپتال کے آئی سی یو میں دوران علاج دم توڑا تھا۔
بچوں کی والدہ کا کہنا تھا کہ تینوں بچوں کو ناشتے کے بعد دوا پیس کر کھلائی جسے کھا کر بچوں کی طبیعت بگڑ گئی، بچے کہہ رہے تھے ہمارا دل بیٹھ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بچوں کے والد خادم حسین ڈرائیور ہیں، انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے اتائی کا کلینک سیل کردیا تھا۔