لاہور : شاہی قلعہ میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں کہا گیا ملزم نے ہتھوڑے سے مجسمے پر حملہ کیا اورنعرے بازی کرتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے شاہی قلعہ میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمہ شاہی قلعہ کی انتظامیہ کی مدعیت میں تھانہ طبی سٹی میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم صبح7بجکر55منٹ پر شاہی قلعہ میں داخل ہوا اور ہتھوڑے سے مجسمےپرحملہ کیااورنعرے بازی کرتارہا تاہم شاہی قلعہ کی سیکیورٹی پر مبنی ایک اہلکار نے موقع پرملزم کو دبوچ لیا۔
یاد رہے گذشتہ روز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہی قلعے کے باہر نصب سکھ سلطنت کے پہلے مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ گرا دیا گیا تھا ، مجسمے کو علی الصبح کچھ افراد نے گرایا تھا ، جن میں سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ایک باریش شخص گھوڑے پر سوار رنجیت سنگھ کے مجسمے کو گرا رہا ہے جبکہ اس موقع پر کچھ لوگوں نے اسے پکڑ کر روکنے کی بھی کوشش کی۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم رضوان نے ہتھوڑے سے مجسمے کو نقصان پہنچایا، ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


