اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف اسلام آباد نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی نے مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ریاستی اداروں پر الزامات اور فیک نیوز پھیلانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شاندانہ گلزار پر سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہم چلانے، صنم جاوید کی گرفتاری سمیت دیگر حکومتی اقدامات کے خلاف من گھڑت اور فیک نیوز پوسٹ کرنے کے الزامات ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور معاملے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ تحقیقات سوشل میڈیا پر جھوٹی معلومات اورنفرت انگیز مہمات کیخلاف کی گئیں، شاندانہ نے وزیراعظم کی نیتن یاہو سے مصافحے کی جعلی تصویر بھی پوسٹ کی تھی۔
تحقیقات میں ثابت ہوا کہ ملزمہ نے دانستہ طور پر فیک نیوز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ آگے بڑھایا، جس کے بعد ملزمہ کے خلاف سیکشن 11، 20 اور 26-اے آف پی ای سی اے 2016 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے،
ذرائع نے مزید کہا تحقیقات کے دوران رہنما پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ مزید شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


