اسلام آباد : اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خود کش حملے کا مقدمہ درج انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، وفاقی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ، ایکسپلوسیو ایکٹ، قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان ہوا تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس، ضلع کچہری اور ضلعی عدالتوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور متعلقہ اداروں کو خصوصی سیکیورٹی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس اور عدالتوں کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، چیکنگ سخت کر دی گئی ہے، اور غیر متعلقہ اشخاص و سامان پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ پارکنگ ایریاز کی بھی کڑی نگرانی کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔


