کراچی : بلوچستان میں کراچی کے تاجر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، فیملی لاعلمی اور شارٹ کٹ کی وجہ سے خطرناک راستے پر چلی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر علی مرتضیٰ کے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے تفتیش کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ایس پی مستونگ اللہ بخش نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے جائے وقوعہ کا تفصیلی دورہ کیا ہے، جہاں سے گولیوں کے متعدد خول تحویل میں لے لیے گئے ہیں، جائے وقوعہ سے ملنے والے تمام خول ایس ایم جی کے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول علی مرتضیٰ واقعے کے وقت اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ سفر کر رہے تھے تاہم مقتول کی فیملی سے بھی باقاعدہ رابطہ قائم کر لیا ہے۔
ایس پی مستونگ نے بتایا کہ "اس علاقے میں سفر کے لیے دو راستے موجود ہیں، جن میں سے ایک محفوظ اور دوسرا انتہائی خطرناک تصور کیا جاتا ہے، مقتول کی فیملی علاقے سے لاعلمی اور ‘شارٹ کٹ’ لینے کی کوشش میں اس خطرناک راستے پر چلی گئی جہاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔”
ایس پی مستونگ اللہ بخش نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور واقعے میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگا کر انہیں جلد سے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


