اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

کراچی اور گھوٹکی میں بم حملوں کے مقدمات درج

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد اور اندرون سندھ گھوٹکی میں ہونے والے بم اور کریکر حملوں کے مقدمات درج کر لیے گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں احساس پروگرام سینٹر پر دستی بم حملے کے واقعے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کیے گئے ہیں۔

یہ مقدمہ ایڈیشنل ایس ایچ او لیاقت آباد کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں لکھا گیا کہ 5 ملزمان نے پل پر سے احساس سینٹر پر تعینات رینجرز کی گاڑی پر حملہ کیا، فلائی اوور پر موجود ملزم نے بارودی مواد پھینکا جس سے دھماکا ہوا، پولیس نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا تو انھوں نے فائرنگ کر دی۔

ایف آئی آر کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے فائر کیے گئے 30 بور کے 7 خول پولیس کو ملے، حملہ آور رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اس واقعے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہو گئے تھے۔

کراچی اور گھوٹکی حملے کے تانے بانے را سے ملتے ہیں، ابتدائی رپورٹ

ادھر اندرون سندھ کے شہر گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی پر دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، یہ مقدمہ سی ٹی ڈی سکھر میں رینجرز انسپکٹر کی مدعیت میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے سے متعلق رینجرز اہل کاروں کے بیانات قلم بند کر لیے گئے ہیں، ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن روڈ پر رینجرز کی گاڑی پر کریکر حملہ ہوا تھا، حملے میں رینجرز کے 2 اہل کار اور ایک شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں