رحیم یارخان (12 مارچ 2026): رحیم یار خان میں اسپین پلٹ ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا، معروف کمپنی کے مالک نعمان قیصر پر الزام تھا کہ اس نے شوٹرز کی مدد سے بہنوئی معاذ کو قتل کرایا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے معاذ سہراب سائیکل کے مالک الحاج محمد امجد قاضی کا نوجوان بیٹا تھا، ملزم نے قتل کے لیے شوٹرز کو کرائے پر ہائر کیا اوراسپین میں بیٹھ کر اس پورے منصوبے پر عمل درآمد کرایا، جب کہ واردات کے بعد شوٹرز دبئی فرار ہو گئے۔
پولیس نے دونوں شوٹرز کو گرفتار کیا، عدالت نے انھیں عمر قید کی سزا سنائی، جب کہ پنجاب پولیس نے مرکزی ملزم نعمان قیصر کے نام ریڈ وارنٹ جاری کرائے، جس پر اسپین کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے اسے اور اس کی رشتہ دار خواتین کی مقامی پولیس اسٹیشن میں حاضری لازمی قرار دے دی۔
سمدھی کے کہنے پر پولیس بار بار جھوٹے کیس میں پھنسا رہی ہے، تاجر نے اعلیٰ پولیس حکام سے مدد مانگ لی
اسپین میں حالات کشیدہ ہونے پر ملزم کو پاکستان آنا پڑا جہاں اس کو مقدمے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ضمانت پر رہائی کے بعد ملزم نے پاکستان سے فرار ہونے کا منصوبہ بنایا، اور پنجاب سے فرار ہونے کی کوشش میں رحیم یار خان پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔
ترجمان ضلعی پولیس رحیم یارخان کے مطابق ملزم نعمان کی موجودگی رحیم یار خان سے سندھ جاتے ہوئے پائی گئی۔ ہلاک ملزم نعمان قیصر پر لاہور میں قتل سمیت 3 مقدمات درج تھے۔
سی سی ڈی لاہور نے اس مبینہ مقابلے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپ جیل کے باہر سے نعمان قیصر کو اغوا کرنے کی باتیں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



