اسلام آباد (21 مئی 2026): شہریوں میں سی سی ڈی مقابلے میں مارے جانے کا خوف بڑھنے لگا، مقدمات میں نامزد بیرونِ ملک مقیم ایک شہری کی ہمشیرہ نے پولیس مقابلے میں مارے جانے کے خدشے کے پیشِ نظر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمان سے واپس آنے والے شہری کو ایئرپورٹ سے متعلقہ عدالت میں پیش کیے جانے تک حفاظتی اقدامات فراہم کیے جائیں، جب کہ اسلام آباد پولیس کے کسی افسر کو شہری کی حفاظت کے لیے نامزد کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواست پر سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
انمول پنکی کے پیچھے کون ہے؟ ایڈیشنل آئی جی کراچی کا اہم بیان آگیا
عدالتی حکم نامے کے مطابق درخواست گزار بہن نے مؤقف اختیار کیا کہ ’’میرا بھائی عمان سے واپس آ رہا ہے، خدشہ ہے کہ سی ٹی ڈی اسے مقابلے میں مار دے گی۔‘‘
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بیرونِ ملک سے واپس آنے والا شہری 5 مختلف مقدمات میں نامزد ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق شہری پاکستان واپس آ کر قانون کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کے کسی نامزد افسر کے ذریعے شہری کو پروٹیکشن فراہم کی جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جائے۔


