راولپنڈی: پیرودھائی میں ایک 12 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم ’’خالو‘‘ سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم پر 3 ملزمان کی فائرنگ کے دوران بارہ سال کی بچی میمونہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم خالو ہلاک ہو گیا۔
ملزم کی شناخت ممریز عباسی کے نام سے کی گئی ہے جس کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا، ہلاک ملزم سے 30 بور پسٹل اور گولیاں برآمد کی گئیں، اور اس کے 2 ساتھی فرار ہو گئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
سی سی ڈی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عالم آباد اسٹاپ چلڈرن پارک کے قریب تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں پیش آیا، ملزم نے چند دن قبل 12 سال کی میمونہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔
ملتان کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق، 30 زخمی
مقتولہ بچی گھر سے مدرسے گئی تھی، ملزم اسے اپنے گھر لے گیا، اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا، بچی کی لاش ملزم کی رہائش گاہ سے ملی تھی، گلی میں بچی سے ملاقات کے دوران پیسے دینے کی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
ملزم کے خلاف مقتولہ بچی کے والد کی مدعیت میں تھانہ پیر ودہائی میں مقدمہ درج ہے، مقدمے کی تفتیش اور ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک 3 دن قبل سی سی ڈی کو سونپا گیا تھا۔


