لاہور : سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا، فیصل آباد کے رانا مزمل نے ذاتی رنجش کی بنا پر قسمت بیگ کو قتل کروایا۔
لاہور میں پولیس لائینز قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن امین وینس نے کہا کہ ملزم رانا مزمل نے چار اجرتی قاتلوں حبیب الرحمن، رضوان، عابد اور اعظم کو قسمت بیگ کو اپاہج کرنے کی غرض سے گولیاں مارنے کا ٹارگٹ دیا تھا، ان ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ چنبہ ہاؤس میں ہلاک ہونے والی مسلم لیگی کارکن سمیعہ چودھری کی موت نشے کی ذیادتی کی وجہ سے ہوئی۔ دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب ملزم مزمل کا کہنا ہے کہ اس کا قسمت بیگ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اسٹیج کے مشہور آرٹسٹ نسیم وکی نے کہا کہ یہ ذاتی نوعیت کا معاملہ ہے ورنہ فنکاروں کے ساتھ ایسے واقعات نہیں ہوتے۔
یاد رہے اس سے قبل اداکارہ قسمت بیگ کے قتل کیس میں گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اداکارہ قسمت بیگ کو پروموٹر مزمل نے قتل کرایا،فائرنگ کیلئے پانچ لاکھ روپے دیئے۔ اداکارہ نے فیصل آباد میں ڈرامہ کرنے لسے انکار کیا تھا، جس پر سبق سکھانے کیلئے فائرنگ کرائی۔
مزید پڑھیں : ڈرامہ کرنے سے انکار پرسبق سکھانے کیلئے قسمت بیگ پرفائرنگ کرائی،ملزم نے اعتراف
مرکزی ملزم مزمل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قسمت بیگ کو قتل کرنے کی نیت سے فائرنگ نہیں کرائی تھی، صرف زخمی کرنا چاہتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے مرکزی ملزم رانا مزمل ہے، جس کی اداکارہ کے ساتھ دوستی تھی، پولیس کاخیال ہےکہ ملزم کوقسمت بیگ کی دوسروں سے دوستی پسند نہیں تھی۔
واضح رہے کہ لاہور کی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کو دو روز قبل ہربنس پورہ کے علاقے میں تھیٹرسے واپسی پر نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔