کراچی : گلشن اقبال میں پیٹرول پمپ پر ملزم کی ساتھی سمیت فلمی انداز میں ڈکیتی اور گولیاں چلاتے ہوئے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں گزشتہ رات پیٹرول پمپ پر ہونے والی ڈکیتی کی سنسنی خیز سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں ملزمان کو نڈر ہو کر واردات کرتے اور گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مناظر پیٹرول پمپ پر معمول کے مطابق کام جاری تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر دو مسلح ملزمان آئے اور کیشیئر کے پاس رکے، موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھا ملزم نبیل چلتی بائیک سے چھلانگ لگا کر اترا اور سیدھا کیشیئر کی طرف لپکا۔
ملزم کو پستول تانے دیکھ کر کیشیئر گھبرا کر پیچھے ہٹا، جس سے اس کی کرسی بھی زمین پر گر گئی جبکہ پمپ پر موجود 6 اٹینڈنٹس اور 5 شہری موجود تھے۔
ملزم نے کیشیئر سے رقم چھینی اور موٹر سائیکل پر بیٹھتے ہی براہِ راست دو گولیاں چلائیں، جس سے پمپ پر بھگدڑ مچ گئی اور ایک شہری اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر جان بچانے کے لیے پیدل ہی بھاگ کھڑا ہوا۔
واردات کے فوراً بعد گشت پر مامور گلشن اقبال پولیس کی موبائل اور شاہین فورس کے اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم نبیل کو قابو کر لیا۔
ملزم کے قبضے سے ایک لاکھ روپے سے زائد کی لوٹی گئی رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کے مفرور ساتھی کی تلاش اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہین فورس کی الرٹ پوزیشن کی وجہ سے ملزم شہر سے فرار ہونے میں ناکام رہا۔ ملزم سے تفتیش کے دوران اس کے دیگر ساتھیوں اور سابقہ ریکارڈ کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


