پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

امریکا ایران جنگ بندی ختم ہونے کے قریب، پاکستان نے سفارتی کوششیں تیز کر دیں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (21 اپریل 2026): امریکا اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں اور پاکستان نے امن کیلیے سفارتی کوششیں تیز کر دیں۔

امریکا کی آبنائے ہرمز پر ناکہ بندی اور ایران کا دوسرا بحری جہاز پکڑنے پر تہران ناراض ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ بحری ناکہ بندی اور امریکی اقدامات دو طرفہ جنگ بندی کی نفی کرتے ہیں۔

دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اور امریکی میڈیا پر جارحانہ بیانات پر بھی ایران کو تشویش ہے۔

ایرانی وفد کی اسلام آباد آمد کا فیصلہ نہیں ہو سکا

اب سے کچھ دیر قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کیلیے ایرانی وفد کے اسلام آباد جانے کا فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا۔

ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی بحری ناکہ بندی، ایرانی جہاز پر قبضے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر سخت تشویش ہے، ہم نیک نیتی اور سنجیدگی سے مذاکرات میں گئے لیکن امریکی حکام نے غیر سنجیدگی ظاہر کی۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکی حکام مسلسل اپنا مؤقف بدل رہے ہیں اور جنگی جرائم کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، مذاکرات کی میز پر واپسی کیلیے اپنی شرائط سے متعلق بات چیت جاری ہے۔

امریکی نائب صدر کا دورہ پاکستان مؤخر

دوسری جانب، امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان مؤخر کر دیا گیا۔

ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر اہلکاروں نے نیویارک ٹائمز سے گفتگو میں کہا کہ ایران کا مثبت ردعمل نہ آنے پر جے ڈی وینس کا دورہ مؤخر کیا گیا، البتہ تہران کا مثبت ردعمل آنے پر فیصلہ تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں