اسلام آباد: چیف جسٹس عمرعطابندیال سے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی ملاقات ہوئی ، جس میں ملک میں عام انتخابات کےمعاملے پر گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال سے ملاقات کی، ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ہونے والی ملاقات دوگھنٹے جاری رہی ۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر نے ملک میں عام انتخابات کےمعاملے پر گفتگو کی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو آئینی طور پر منظور شدہ مدت کے اندر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے چیلنج کی راہ میں درپیش قانونی مسائل سے متعلق متعدد سوالات کے جوابات طلب کرنے کی ضرورت ہے۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کی زیر صدارت اجلاس میں عام انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندیوں کا حتمی فیصلہ کرنے میں ناکام رہا۔
الیکشن کمیشن نے اب تک نئی حد بندیوں کو حتمی شکل دینے کے لیے تین اجلاسوں کی صدارت کی ہے، جس میں قانونی ٹیم نے ای سی پی کے اعلیٰ حکام کو عام انتخابات سے قبل نئی حد بندیوں کو لازمی مکمل کرنے کی سفارش کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ قانونی ٹیم نے آئین کے آرٹیکل 51 اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 17 کا حوالہ دیا، الیکشن کمیشنکو تین ماہ کی مقررہ مدت میں منصفانہ انتخابات کرانے کے لیے ایک زبردست چیلنج کا سامنا ہے۔