پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کرانے کی خبر پر پاکستانی معروف شخصیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔
جب دنیا پر ایک بڑی تباہ کن جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے، پاکستان کی اس سفارتی کامیابی نے فنکاروں کو حکومت اور عسکری قیادت کی تعریف کرنے پر مجبور کر دیا۔
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اس خبر نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی دنیا میں جہاں جنگ کی باتیں ہو رہی ہیں، ہم نے امن کا انتخاب کیا اور اس کی ثالثی کی، پاکستان زندہ باد۔
View this post on Instagram
گلوکار فرحان سعید نے اسے خطے اور دنیا کے لیے "بڑا ریلیف” قرار دیتے ہوئے پاکستان کی سب سے بڑی سفارتی جیت قرار دیا۔
اداکار اعجاز اسلم نے کہا کہ پاکستان نے تاریخ رقم کر دی ہے اور مخالف فریقین کو ایک میز پر لا کر دنیا کی نظریں اسلام آباد پر جما دی ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی۔
ٹی وی میزبان شائستہ لودھی نے بھی ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر دیکھنے کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے مسلح افواج اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اداکارہ میرا سیٹھی نے پاکستان کو عالمی امن کا ثالث قرار دیا، جبکہ ان کے ساتھی اداکار عدیل حسین نے بھی پاکستان کے امن پسند کردار پر فخر کا اظہار کیا۔
View this post on Instagram
اداکارہ سجل علی نے پاکستانی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کاش امن ہمیشہ جنگ پر غالب رہے۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر بلال حسن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کی اس کامیابی پر خوشی منائیں، جس پر اداکارہ درِ فشاں سلیم نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اب رنویر سنگھ اپنی فلم میں اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کریں گے۔
View this post on Instagram
جہاں زیادہ تر فنکار بین الاقوامی کامیابی پر بات کر رہے تھے، وہیں ماڈل شہزاد نور نے مقامی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ‘آبنائے ہرمز’ تو کھلوا دی، اب کراچی کی ‘یونیورسٹی روڈ’ بھی کھلوادیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


