کراچی (3 فروری 2026): سمینٹ سیکٹر سے اچھی خبر آگئی، جنوری کے مہینے میں اس کی ایکسپورٹ (برآمد) میں 61 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جنوری 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 12.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ ماہ سیمنٹ کی مجموعی فروخت 45 لاکھ 38 ہزار ٹن رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 40 لاکھ 32 ہزار ٹن تھیں۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2026 میں مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 36 لاکھ 01 ہزار ٹن رہیں جبکہ جنوری 2025 میں یہ 34 لاکھ 50 ہزار ٹن تھیں، سال بہ سال جنوری میں 4.36 فیصد اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: سیمنٹ کی نئی قیمت کیا ہے؟
اعداد و شمار کے مطابق اسی طرح برآمدی فروخت میں نمایاں 61.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، برآمدی حجم جنوری 2025 کے 5 لاکھ 81 ہزار 691 ٹن سے بڑھ کر جنوری 2026 میں 9 لاکھ 37 ہزار 97 ٹن ہوگیا۔
مالی سال کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (مقامی و برآمدی) 3 کروڑ 05 لاکھ 83 ہزار ٹن رہیں، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 2 کروڑ 76 لاکھ 56 ہزار ٹن کے مقابلے میں 10.58 فیصد زیادہ ہیں۔
اس عرصے میں مقامی فروخت 2 کروڑ 50 لاکھ 15 ہزار ٹن رہیں، گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 2 کروڑ 22 لاکھ 64 ہزار ٹن تھیں یوں 12.36 فیصد کا اضافہ ہوا۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


