پیر, مارچ 16, 2026
اشتہار

رمضان المبارک کا استقبال! میئر صادق خان نے لندن میں ‘رمضان لائٹس’ کا افتتاح کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : میئر صادق خان نے رمضان المبارک کے استقبال کے لئے "رمضان لائٹس” کا افتتاح کردیا، جس کے بعد سڑکیں برقی قمقموں سے جگمگا اٹھیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے استقبال کے لیے "رمضان لائٹس” روشن کر دی گئی۔

لندن کے میئر صادق خان نے ایک پروقار تقریب میں ان لائٹس کا باضابطہ افتتاح کیا، افتتاحی تقریب کے موقع پر لندن میں بارش اور شدید سردی کے باوجود سیکڑوں کی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔

لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، اور جیسے ہی بٹن دبا کر روشنیاں آن کی گئیں، لندن کی معروف سڑکیں رمضان کے برقی قمقموں سے جگمگا اٹھیں۔

میئر لندن صادق خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا لندن مغربی دنیا کا وہ پہلا شہر ہے جس نے سرکاری سطح پر رمضان لائٹس لگانے کی روایت شروع کی، اور یہ مسلسل چوتھا سال ہے کہ ہم نے اسے برقرار رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ روشنیاں صرف ایک مذہبی تہوار کی علامت نہیں ہیں بلکہ یہ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کی نمائندگی کرتی ہیں۔

میئر نے مزید کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ لندن کا تنوع اس کی سب سے بڑی طاقت ہے اور یہ لائٹس اس تنوع کا خوبصورت اظہار ہیں۔

یاد رہے کہ لندن کے معروف علاقوں جیسے پکاڈیلی سرکس اور آکسفورڈ اسٹریٹ کے قریبی حصوں کو ان لائٹس سے سجایا جاتا ہے، جہاں رمضان کے چاند اور ستاروں کی شکل کے ہزاروں برقی قمقمے رات کے وقت سحر انگیز منظر پیش کرتے ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف مسلمانوں بلکہ سیاحوں اور مقامی غیر مسلم شہریوں کے لیے بھی کشش کا باعث بنتا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں