اسلام آباد : ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 مئی کو طلب کرلیا گیا ، جس میں چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ 2026 کی آمد میں دو ہفتے باقی رہ گئے ہیں، اس سلسلے میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 مئی بروز اتوار کو 29 ذوالقعدہ کے موقع پر کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔
اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان کریں گے۔
اس موقع پر ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گے تاکہ چاند دیکھنے کے عمل میں مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔
دوسری جانب سپارکو نے اپنے فلکیاتی تخمینے میں کہا ہے کہ ذوالحج 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا۔ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو صاف موسم کی صورت میں چاند نظر آنے کیلئے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
سپارکو کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا فرق متوقع ہے، جس سے چاند نظر آنے کے امکانات مزید بڑھ جاتے ہیں۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موسم صاف رہا اور افق پر حدِ نگاہ بہتر رہی تو 17 مئی کی شام ذوالحج کا چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ اس صورت میں یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائی جا سکتی ہے۔ تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


