اسلام آباد : محرم الحرام کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ، نئے اسلامی سال کے چاند کی رویت کا حتمی اور باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں نئے اسلامی سال 1448 ہجری کا چاند دیکھنے اور محرم الحرام کے آغاز کا فیصلہ کرنے کے لیے وزارتِ مذہبی امور اور رویتِ ہلال کمیٹیوں نے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے۔
اس سلسلے میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اہم ترین اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے، جس میں کمیٹی کے ارکان سمیت محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔
مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ، ملک کے دیگر بڑے شہروں اور وفاقی دارالحکومت میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس بیک وقت منعقد کیے جائیں گے۔
اسلام آباد کی زونل رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس وفاقی سیکرٹریٹ کے کوہسار بلاک میں بعد نمازِ مغرب شروع ہوگا، جہاں جدید سائنسی آلات اور دوربینوں کی مدد سے چاند کی تلاش کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات اور فلکیاتی ماہرین کی رپورٹس کے ساتھ ساتھ ملک کے طول و عرض سے موصول ہونے والی عوامی شہادتوں کو یکجا کیا جائے گا۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد تمام زونل کمیٹیوں سے موصول ہونے والی رپورٹس اور شرعی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد محرم الحرام اور نئے اسلامی سال کے چاند کی رویت کا حتمی اور باضابطہ اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی صورت میں آج ہی نئے اسلامی سال کا آغاز ہو جائے گا اور یومِ عاشورہ (10 محرم الحرام) کی حتمی تاریخ کا تعین بھی اسی فیصلے کی روشنی میں کیا جائے گا۔


