کراچی : اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے بانی اور سی ای او سلمان اقبال نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کراچی کنگز کی آفیشل ٹی شرٹ پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ہونے والی اہم ملاقات میں پی ایس ایل کے انعقاد اورکراچی میں ہونے والے فائنل کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا کہ پی ایس ایل سے دیگرملکوں کے کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں، پاکستان کےعوام کی خواہش ہے کراچی میں کرکٹ کی واپسی ہو۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ نہ ہوتا تو کراچی کنگزکا کپتان ہوتا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے گزشتہ سال جووعدہ کیا اس سال وعدے کونبھاؤں گا، میں نےکہا تھا کہ 2018 کے پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ خوشی ہوگی پی ایس ایل کے فائنل میں کراچی کنگزمیدان میں ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے جس بھی ٹیم کی سربراہی کی ہے وہ ہمیشہ جیتی ہے، میرا ریکارڈ ہے ٹیم کوجیتا کرہی واپس لوٹتا ہوں۔
انہوں نے کراچی کے لوگوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فائنل کراچی میں ہوگا اور فائنل کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کو ان جیسی شخصیات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے عالمی کرکٹ کو دوبارہ پاکستان کا دروازہ دکھایا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ انشااللہ کراچی کنگز اس سال پی ایس ایل جیتے گی، شائقین اور ہم بھی کراچی کنگز کےساتھ ہیں۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی آصف زرداری سے ملاقات
خیال رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے بانی اور سی ای او سلمان اقبال نے بلاول ہاؤس میں سابق صدرآصف زرداری کو کراچی کنگز کی آفیشل ٹی شرٹ پیش کی تھی۔