اسلام آباد : تحریک عدل کی مخالفت پر نواز شریف نے چوہدری نثار کیخلاف انضباطی کارروائی کرنے پر غور شروع کردیا ہے، عنقریب شو کاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نواز لیگ میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، ایک بڑا گروپ چوہدری نثار کا مخالف بن گیا، اس حوالے سے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کو پارٹی سے نکالنے یا انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
نوازشریف نے چوہدری نثارکا تحریک عدل کی مخالفت سے متعلق بیان مسترد کردیا ہے، ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے ان کے بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے چوہدری نثارکے خلاف انضباطی کارروائی کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے مرکزی قیادت سے شکایت کی ہے کہ چوہدری نثار علی خان میری وزارت کے امور میں بے جا مداخلت کررہےہیں، لہٰذا وزارت میں مداخلت پر چوہدری نثار کیخلاف کارروائی کی جائے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے اظہر فاروق نے بتایا ہے کہ چوہدری نثار کے تحریک عدل کی مخالفت پر حالیہ بیان سے متعلق نواز لیگ میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر ان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ ان کے بیانات سے پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے، ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی جانب سے آنے والا ہے۔
مزید پڑھیں: اداروں سے تصادم کی پالیسی نقصان دہ ہے، چوہدری نثار
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ ن نازک دور سے گز رہی ہے، میں ریاستی اداروں سے تصادم کی پالیسی کے خلاف ہوں کیونکہ اس سے نقصان ہوسکتا ہے، اس وقت جوش سے زیادہ ہوش سے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔