جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

اٹک حملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، چوہدری نثار

اشتہار

حیرت انگیز

منڈی بہاؤالدین : وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا دشمن ڈرپوک اور بے اصول ہے جو دوستی کی بات بھی کرتا ہے اور ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر سول آبادیوں کو نشانہ بھی بناتا ہے۔

ایم کیو ایم نے مائنس ون فارمولا میڈیا اور الطاف حسین سے سنا ہے, ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤالدین میں رینجرز اکیڈمی کی بیسویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چودھری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستانی قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ اسلام امن پسند مذہب ہے مگر افسوس کہ دہشت گردی پھیلانے والے ہم میں ہی چھپے ہیں اور اسلام کا نام استعمال کررہے ہیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ کسی بھی طرح کا جرم کوئی بھی کرے نہیں بخشیں گے ،دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اٹک حملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، سیکیورٹی ادارے شجاع خانزادہ شہید پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

پنجاب کے وزیر داخلہ کم سکیورٹی رکھنے کے عادی تھے اور عموماً جب سیاستدان اپنے حلقوں میں جاتے ہیں تو سکیورٹی اہلکار ساتھ نہیں رکھتے مگر اب اس پر نظر ثانی کرنا پڑے گی۔

چودھری نثار نے قوم کو مایوس نہ ہونے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ ادارے درست سمت میں تفتیش کر رہے ہیں ، دہشت گرد گلی کوچوں سے بھاگ چکے ہیں ۔

ان کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے استعفوں کی واپسی کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کام کررہے ہیں اگر استعفوں کی واپسی پر کوئی غیر قانونی کام ہوا تو عدالتیں اور الیکشن کمیشن کارروائی کرسکتے ہیں۔

جنرل ظہیر الاسلام کے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ جنھوں نے کنٹینر پر چڑھ کر گالیاں دیں ، حکومت گرانے کی دھمکی دیں حکومت نے تو انہیں بھی درگزر کر دیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی حکومتی ذمہ دار نے ایم کیو ایم کے لئے مائنس ون فارمولے کا ذکر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی ہر کارروائی اس کے خلاف لڑنے کے عزم کو مزید پختہ کر دیتی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں