اسلام آباد : ایم کیو ایم کے وفد کی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات، ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر چھاپے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں چار رکنی وفد نے وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کی گئی، جس میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ حال ہی میں جاری ہونے والی منہاج قاضی کی ویڈیو پر بھی بات کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ویڈیو کے حوالے سے بیان دیتےہوئے کہا کہ ’’ مجھے ویڈیو بنانے اور اس کی تشہیر کے حوالے سے کوئی علم نہیں ہے، تاہم اس حوالے سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے ضورر لائے جائیں گے‘‘۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنی رہائش گاہ پر پڑنے والے چھاپے پر تحفظات کا اظہار کیا اور کارکنان کی گرفتاریوں سے آگاہ کیا گیا، جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے ایم کیو ایم کو جلد تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
مزید پڑھیں : ملزمان کا بیان نشر ہونا غیر قانونی ہے، سندھ حکومت سراغ لگائے، چوہدری نثار
واضح رہے گزشتہ دنوں وفاقی وزیر داخلہ نے ڈاکٹر عاصم اور منہاج قاضی کی ویڈیو نشر ہونے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا تھاکہ ’’ زیر تفتیش ملزمان کی ویڈیوز کی تشہیر غیر اخلاقی عمل ہے جو کیس کو کمزور بناتا ہے‘‘۔
وزاتِ داخلہ کی جانب سے سندھ حکومت کو ویڈیو کی تحقیقات اور چھان بین کا سراغ لگانے کے لیے خط لکھنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے جواب میں مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے چوہدری نثار پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ’’ ڈاکٹر عاصم کا ویڈیو بیان نشر ہونا وزارتِ داخلہ کی نااہلی ہے‘‘۔