سرگودھا : مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکمران نو سال سے کہہ رہے ہیں بس اب بجلی آجائے گی حکمران بجلی نہیں بنا رہے بلکہ مال بنارہے ہیں، عوام ہمیں کامیاب بنائیں کالا باغ ڈیم بنا کر دکھائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں مسلم لیگ ق کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کی بھی انتہا ہوگئی ہے، میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ وہ ہمیں کامیاب کروائیں اور اقتدار میں لائیں تو ہم کالا باغ ڈیم کو مکمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہی نہیں عوام کو صاف پانی بھی دیں گے اور مفت ٹیوب ویل بھی چلائیں گے جبکہ کالاباغ ڈیم سے بجلی فی یونٹ 3 روپے میں فراہم کی جائےگی۔
پرویزالہٰی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 5 مرلے پر ٹیکس لگا دیا، انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان مسلم لیگ کو کامیاب بنائیں، کسانوں پر پھر خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب ہوکر پہلے کی طرح کسانوں کو مفت پانی اور بیچ فراہم کریں گے۔ ان لوگوں نے پنجاب کے حکمرانوں نے اسپتالوں کا برا حال کردیا ہے، امن وامان کی یہ حالت ہے کہ سرگودھا میں 20 افراد قتل کردیئے گئے۔