لاہور : مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ نوازشریف تاریخ کا حصہ بن چکے، اب شہباز شریف کی پکڑ ہوگی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چوہدری شجاعت حسین پرویز الہٰی کے ہمراہ ملاقات کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پہنچے، ملاقات کے بعد تینوں رہنماﺅں نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اب عوامی مسئلہ بن چکا ہے، ذمہ داروں کو مہینوں نہیں بلکہ ہفتوں میں سزائیں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلسوں میں سوال پوچھتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا مگر ماڈل ٹاﺅن سانحے کے شہداء کے لواحقین میاں صاحب سے پوچھ رہے ہیں کہ ان کے پیاروں کو کیوں مارا گیا؟
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ شہبازشریف اور رانا ثناءاللہ کی بطور ملزم نشاندھی ہوچکی ہے، جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ آنے کے بعد ہر چیز واضح ہوگئی ہے، انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جانا ضروری ہوگیا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔