منگل, جون 16, 2026
اشتہار

500 میچز مکمل کرنے کے بعد ’’چاچا کرکٹ‘‘ ریٹائر، پی سی بی کی الوداعی تقریب

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (3 جون 2026): پاک آسٹریلیا سیریز کے بعد چاچا کرکٹ گراؤنڈ میں نظر نہیں آئیں گے ریٹائرمنٹ پر پی سی بی نے شاندار الوداع کہا۔

جہاں پاکستان کرکٹ، وہیں چاچا کرکٹ۔ تقریباً 58 سالوں پر محیط یہ ساتھ اب چھوٹنے والا ہے اور کھیلی جانے والے پاک آسٹریلیا سیریز کا تیسرا میچ یادگار ہوگا کیونکہ اس میں چاچا کرکٹ آخری بار گرین شرٹس کی حمایت کرنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔

اس سفر میں چاچا کرکٹ نے پاکستان کی کئی تاریخی فتوحات اپنی آنکھوں سے دیکھیں، جن میں جاوید میانداد کا 1986 میں آخری گیند پر چھکا اور 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل میں یادگار فتح شامل ہیں۔

77 سالہ چاچا کرکٹ جن کا اصل نام عبدالجلیل ہے، ان کی پاکستان کرکٹ کے لیے ان خدمات کے اعتراف میں گزشتہ روز پاک آسٹریلیا دوسرے میچ میں چاچا کرکٹ کی خدمات کو سراہنے کے لیے تقریب منعقد ہوئی۔

اس دوران اسٹیڈیم میں چاچا کرکٹ نے کیک کاٹا۔ تقریب میں تقریب میں سی ای او کرکٹ بورڈ سمیر احمد سید اور کمنٹیٹر شریک ہوئے جب کہ میچ کے اختتام پر کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم کی دستخط شدہ جرسی انہیں پیش کی۔

پی سی بی کی جانب سے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ویڈیو اور ایک پوسٹ بھی شیئر کی گئی جس میں چاچا کرکٹ کو پاکستان ٹیم کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔

 

 

چاچا کرکٹ کون ہیں؟

چاچا کرکٹ جن کا اصل نام عبدالجلیل ہے، ان کی کرکٹ سے محبت دیرینہ ہے۔ انہوں نے پہلی بار 1968-69 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ اسٹیڈیم میں دیکھا تھا۔

تاہم شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے مستقل حمایتی کے طور اسٹیڈیم کی موجودگی نے انہیں چاچا کرکٹ کا نام دیا۔

اس کے بعد قومی پرچم سے ہم آہنگ سبز لباس اور ٹوپی ان کی پہچان بن گئی، جو پاکستانی جھنڈا اٹھائے ہمیشہ پاکستان کے میچز میں اسٹیڈیم میں موجود ہوتے۔ 1999 ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بھرپور حمایت کے بعد انہیں عالمی شہرت ملی۔

عبدالجلیل عرف چاچا پاکستانی نے کہا کہ جب انہوں نے پاکستان کے میچز دیکھنے کا آغاز کیا تو عزم کیا تھا کہ 500 میچز اسٹیڈیم میں دیکھوں گا۔ انہوں نے 500 میچز میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اب سیالکوٹ کے قریب ایک ریسٹورنٹ اور میوزیم قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ کرکٹ سے جڑی اپنی یادگار اشیا رکھیں گے۔

چاچا کرکٹ جہاں ماضی میں پاکستان کرکٹ کی شاندار فتوحات کے چشم دید گواہ ہیں تو ساتھ ہی وہ حالیہ برسوں میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوس بھی دکھائی دیے، مگر امید کا دامن اب بھی تھام رکھا ہے کہ گرین شرٹس بام عروج دوبارہ حاصل کریں گے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں