اسلام آباد : چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے طیارہ حادثے میں شہید افراد کے لواحقین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے، انکا کہنا ہے کہ طیارے میں کوئی خرابی نہیں تھی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کے لواحقین کو پی آئی اے پانچ لاکھ روپے فی کس اداکریگی، بعد میں انشورنس کی پچاس لاکھ کی رقم بھی ادا کی جائے گی، پانچ لاکھ روپے پی آئی اے اپنے فنڈز سے دیگی۔
جہاز میں کوئی خرابی نہیں تھی، چیئرمین پی آئی اے کا دعویٰ
دوسری جانب چیئرمین پی آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز میں کوئی خرابی نہیں تھی، امید تھی کجہ طیارہ ایک انجن پر محفوظ لینڈنگ کر لے گا، جہاز مے ڈے کال کے بعد ریڈار سے غائب ہوگیا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات کی جارہی کہ ایک انجن کے فیل ہونے پر حادثہ کیسے ہوا، چار بجکر نومنٹ پر کیپٹن نے انجن فیل ہونے کا بتایا جبکہ طیارہ چار بج کرسولہ منٹ پر ریڈار سے غائب ہوا۔
چیئرمین پی آئی اے کا کہنا تھا کہ حادثے کے شکار طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے، جسے ایس آئی بی کو بھجوائیں گے، جہاں سے وہ ڈی کوڈ ہو کر واپس آئے گا۔
انھوں نے بتایا کہ بدقسمت طیارہ 2007ء میں بنا تھا اور اسے اسی سال پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل کیا گیا تھا ، ہمارے پاس 11اے ٹی آر طیارے ہیں اور یہ قابل اعتماد طیارے ہیں۔
مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ: جنید جمشید اور دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری
یاد رہے کہ گذشتہ روز چترال سے اڑان بھرنے والے پی آئی اے کے طیارے کا ایبٹ آباد سے حویلیاں کے درمیان رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور جہازحویلیاں کے نزدیکی علاقے میں گرکرتباہ ہوگیا تھا‘ جس میں 48 افراد سوار تھے، جن میں معروف مذہبی اسکالر جنید جمشید بھی اہلیہ سمیت شامل تھے۔