اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا ، جس میں قانونی ٹیم عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دے گی۔
تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان نے فواد چوہدری، اسد عمر، فرخ حبیب، ملیکہ بخاری ودیگر رہنما کو بنی گالہ طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور ہوگا اور پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم عمران خان کو فیصلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دے گی۔
بریفنگ کے بعد عمران خان آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کریں گے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ لی ہے، جس میں 13 نامعلوم اکاؤنٹس سامنے آئے۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی ان اکاؤنٹس کے بارے میں بتانے میں ناکام رہی اور آئین کے مطابق اکاؤنٹس چھپانا غیر قانونی ہے، پی ٹی آئی نے 34 غیر ملکیوں، 351 کاروباری اداروں اور کمپنیوں سے فنڈز لیے۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے فارم ون جمع کرایا جس میں غلط بیانی سے کام لیا گیا۔پارٹی اکاؤنٹس سےمتعلق دیا گیا بیان حلفی جھوٹا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ کی کاپی وفاقی حکومت کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔