اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم شیخ کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت کو پاکستان میں بہت عزت کا مقام ملتا ہے، ولی عہد کا دورہ پاکستان تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے پارلیمانی روابط کو سراہا اور چیئرمین شوریٰ کونسل کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور مواصلات بند ہے، عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد پر زور دیا۔
عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کی پریشانیوں کے خاتمے کے لیے دنیا کو نوٹس لینا چاہئے، ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم نے پارلیمانی روابط کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔