اسلام آباد: پانچ اگست کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے سلسلے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 5 اگست کو کشمیروں سے اظہار یک جہتی کے لیے سینیٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیئرمین سینیٹ کی رولنگ پر سینیٹ سیکریٹریٹ نے وزارتِ پارلیمانی امور کو اس سلسلے میں خط لکھ دیا ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائی جائے، وزارتِ پارلیمانی امور اس سلسلے میں صدر مملکت کو فوری سمری ارسال کرے۔
5 اگست کو ہونے والے خصوصی اجلاس میں کشمیر پر ایک نکاتی ایجنڈا زیر غور ہوگا، چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی امور سے مظفر آباد میں سیشن رکھنے کے لیے رائے مانگ لی، چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے اجلاس مظفر آباد میں کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو اس کی خصوصی حیثیت سے محروم کر دیا تھا جب کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو تقسیم کرتے ہوئے اسے 2 وفاقی اکائیوں میں تبدیل کر دیا تھا جس کا اطلاق گزشتہ سال 31 اکتوبر سے ہو گیا تھا۔
ساتھ ہی بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن کر دیا تھا جو 5 اگست سے اب تک جاری ہے جب کہ وہاں کے عوام کو مواصلاتی نظام کی بندش کا بھی سامنا ہے جس کی وجہ سے معاشی اور انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے۔