چمن : بلوچستان کے علاقے چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک ایک شہری جان کی بازی ہار گیا، چار ایف سی اہلکاروں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کی خوشیاں سبوتاژ کرنے کیلئے ملک دشمن عناصر نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے سرحدی شہر چمن میں مال روڈ پر زور دار دھماکا کیا،
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا، بارود موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، یہ دھماکا مال روڈ پر اسپیشل برانچ پولیس کے دفتر کے سامنے کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چار ایف سی اہلکاروں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فائربریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، امدادی ٹیمیوں کے رضاکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا، بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔