بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب چمن کراسنگ پر فائرنگ سے 12 سالہ بچے سمیت دو پاکستانی شہید اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چمن بارڈر کراسنگ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، افغان سنتری نے پاکستان سے افغانستان جانے والے افراد پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12 سالہ بچے سمیت دو پاکستانی شہری شہید اور ایک بچہ زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز نے مزید جانی نقصان سے بچنے کیلیے تحمل کا مظاہرہ کیا، سکیورٹی اہلکاروں نے مسافروں کی موجودگی کے باعث جوابی فائرنگ سے گریز کیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال چمن منتقل کر دی گئی جبکہ زخمی بچے کا علاج بھی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی حکام نے مجرم افغان سنتری کی حوالگی کا مطالبہ کیا، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنے سکیورٹی اہلکاروں کو کنٹرول کرے گی، مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلیے نظم و ضبط یقینی بنایا جائے۔
’پاکستان مثبت و تعمیری باہمی تعلقات کیلیے پُرعزم ہے۔ ایسے ناخوشگوار واقعات سے سنجیدہ کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘