اتوار, مارچ 15, 2026
اشتہار

پاکستان میں فائیو جی نیلامی کے فریم ورک میں اہم تبدیلیاں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان میں فائیو جی نیلامی کے فریم ورک میں اہم تبدیلیوں کی باضابطہ منظوری دی گئی ، پی ٹی اے کا انفارمیشن سیشن 16 فروری کوہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے انفارمیشن میمورنڈم میں اہم ترامیم کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

یہ ترامیم تمام اسٹیک ہولڈرز سے وسیع مشاورت کے بعد کی گئی ہیں تاکہ نیلامی کے عمل کو شفاف اور کامیاب بنایا جا سکے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ لائسنس ٹیمپلیٹ اور آپریشنل شرائط میں درج ذیل تبدیلیاں کی گئی ہیں ، پریمیم سروسز کے لیے اپ لنک (Uplink) اسپیڈ کو ڈاؤن لنک اسپیڈ کے 25 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہنا ہے کہ فائیو جی کے لیے کم سے کم ڈاؤن لنک اسپیڈ 50 Mbps مقرر کی گئی ہے، جبکہ فور جی (4G) کے صارفین کے لیے معیار کو 4 Mbps سے بڑھا کر 20 Mbps کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔

کامیاب کمپنیوں کو ہر سال کم از کم 1,000 نئی سائٹس لگانے کی پابندی ہوگی، جس میں سے 20 فیصد سائٹس بالکل نئے مقامات پر لگانا لازمی ہوگا۔

پی ٹی اے نے نیلامی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اہم تاریخوں کا اعلان بھی کیا ہے ، جس کے تحت ممکنہ بولی دہندگان اور ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے ایک بریفنگ سیشن 16 فروری 2026 کو منعقد ہوگا، جہاں ترامیم اور نیلامی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں اپنی درخواستیں اور پری بڈ ڈپازٹ 27 فروری تک جمع کروا سکیں گی اور فائیو جی اسپیکٹرم کی باضابطہ نیلامی 10 مارچ 2026 کو ہوگی۔

حکومت نے 700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈز میں مجموعی طور پر تقریباً 597 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں فائیو جی سروسز وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں شروع کی جائیں گی۔

+ posts

علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں

اہم ترین

علیم ملک
علیم ملک
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں

مزید خبریں