اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار آج اہم پریس کانفرنس کریں گے، جس میں چوہدری نثار کے وزارت سے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے ملتوی کی گئی اہم پریس کانفرنس آج ہو گی، گذشتہ روز چوہدری نثار کی طبیعت کی ناسازی کے باعث پریس کانفرنس ملتوی کردی تھی۔
ترجمان وزارت داخلہ نے میڈیا سے گزارش کی کہ پریس کانفرنس کے التواء پر قیاس آرائیوں سے گریز کریں کیوں کہ پریس کانفرنس محض وزیرداخلہ کی کمر میں درد کے باعث اور معالج کی ہدایات کے پیش نظر کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : چوہدری نثارکی پریس کانفرنس کل تک کے لیے ملتوی، ترجمان وزارت داخلہ
خیال رہے کہ پاناما کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم کی ممکنہ نااہلی کے خطرے کے باعث متبادل وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں خواجہ آصف کا نام سرفہرست ہیں۔
چوہدری نثار خواجہ آصف کو متبادل وزیراعظم کے طور پر تسلیم کرنے سے انکار کر چکے ہیں ، انکا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو وزیراعظم تسلیم نہیں کرسکتا، جونیئر کے ماتحت کام نہیں کروں گا اور نہ ہی فوج اورعدلیہ مخالف سازش کا حصہ بنوں گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی قیادت چوہدری نثار کو منانے کی تمام تر کوششیں بے نتیجہ رہی، میاں شہبازشریف بھی ناراضی دور نہ کرسکے۔