اشتہار

وفاقی وزیر رانا تنویر کی چوہدری سالک کے بیان پر ناپسندیدگی کا اظہار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد(5 نومبر 2026): وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر نے کہا ہے کہ چوہدری سالک کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے۔

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملکی سیاسی صورتحال، زرعی شعبے، چینی کی برآمد اور صوبوں کی کارکردگی پر اہم امور پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔

چوہدری سالک کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا، مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے اور امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے آگے چل کر تمام معاملات بہتر ہو جائیں گے۔

صوبائی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے رانا تنویر نے پنجاب حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پنجاب میں گورننس سب سے بہتر ہے اور وزیرِ اعلیٰ مریم نواز انتہائی محنت سے کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ صوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاسوں میں شریک ہوتے ہیں تو کارکردگی کے اعتبار سے پنجاب کو ہمیشہ سب سے آگے پاتے ہیں۔

چینی کی برآمد اور گندم کی درآمد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ چینی کی ایکسپورٹ کا بنیادی مقصد کاشت کار کو اس کی فصل کی بہتر قیمت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ملک بھر کی شوگر ملیں نومبر کے وسط سے گنے کی کرشنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیں گی۔ رانا تنویر کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں چینی کی بہتر پیداوار حاصل ہوئی تو حکومت مزید 6 لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کے معاملے پر بھی سنجیدگی سے غور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی درآمد کے اقدامات کی بدولت ملک بھر میں آٹے کی سپلائی کا نظام بہتر ہوا ہے اور اس کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، جس کا اعتراف سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔

زراعت کے شعبے کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کارپوریٹ فارمنگ کو تیزی سے فروغ مل رہا ہے اور ملک کا کوآپریٹ سیکٹر ماحول کی بہتری کے لیے اپنی خدمات میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کارپوریٹ سیکٹر ملک میں مختلف فصلوں کی پیداوار اور ان کی سپورٹ کے لیے عملی طور پر بھرپور کام کر رہا ہے جس سے زرعی معیشت کو استحکام ملے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں