لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پرتعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، ہمیں فوج کے ہر سپاہی کے جذبات کا بھی احساس ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ سپاہی سرحد، سیاچن، ایل او سی پر کھڑا دشمن کی ہر چال کا مقابلہ کر رہا ہے، سپاہی ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویزمشرف کو سزا سے سرحد پرتعینات ہر سپاہی کو دکھ ہوا، ہمیں فوج کے ہر سپاہی کے جذبات کا بھی احساس ہونا چاہیے، سپہ سالار کو غدار کہا جائے گا تو فرائض انجام دینے والے سپاہی پر کیا بیتے گی۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ کوئی کسی بھی ملک کا آرمی چیف آسانی سے نہیں بنتا، پرویزمشرف نے ملک کے لیے دو جنگیں لڑیں، آج وہ لوگ غداری کا واویلا کر رہے ہیں جنہوں نے حلف لیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عوام کو گمراہ کن لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہیے، عوام کو اپنے محافظوں کو جھوٹے لوگوں سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منفی پراپیگنڈے سے صرف اور صرف ملک دشمن کو فائدہ ملتا ہے، ملک دشمن اس صورت حال کا بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے۔
آئین شکنی کیس میں پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم
یاد رہے کہ گزشتہ روز خصوصی عدالت نے سابق صدر اور جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو آئین شکنی کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔