لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرونا کے باعث کرکٹ کی دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کی جمعرات کو شیڈول میٹنگ انتہائی اہم ہے، اجلاس میں پی سی بی کی جانب سے موجودہ حالات میں بنائی گئی حکمت عملی سے آئی سی سی کو آگاہ کیا جائے گا۔
وسیم خان نے کہا کہ آئی سی سی اجلاس میں باہمی سیریز اور مالی امور پر بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کے باعث کرکٹ کی دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں، وائرس کا مقابلہ مل کر کرنا ہوگا، کرکٹ کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے بقیہ میچز کب ہوسکتے ہیں؟ وسیم خان نے بتا دیا
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے باعث پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنلز میچز کو ملتوی کردیا گیا تھا۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میچز ملتوی کرنےکا فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز کا تحفظ کرنا ہے، پی ایس ایل کو مکمل کرانے کیلئے ہم نے بہت اقدامات کئے میچ بھی کم کئے اور پی ایس ایل سے منسلک تمام لوگوں کےتحفظ کیلئے اقدامات کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ فرنچائزز کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے کہ سیمی فائنل ہوں یا پرانا فارمیٹ رکھا جائے، بقیہ میچز نومبر میں کھیلے جاسکتے ہیں۔