کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ لاپتا ہوگئے، نامعلوم افراد انہیں اپنے ساتھ کار میں بٹھا کر لے گئے، ان کی گاڑی ڈیفنس کے ایک سپر اسٹور کے باہر سے مل گئی۔
رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ افطار کے بعد کلفٹن گئے جہاں سپر مارکیٹ کے باہر کار سوار چار افراد انہیں اپنے ساتھ زبردستی بٹھا کر لے گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار سوار چاروں افراد نے پولیس کیپ پہن رکھی تھیں۔
اطلاعات ہیں کہ اویس شاہ کی گاڑی ڈیفنس پنجاب چورنگی پر واقع سپر اسٹور کے باہر سے مل گئی تاہم اویس شاہ کے بارے میں مزیدکوئی اطلاع اب تک موصول نہیں ہوسکی۔
معلوم ہوا ہے کہ اویس شاہ خود بھی سندھ ہائی کورٹ میں وکالت کے فرائض انجام دے رہے ہیں، انہیں کسی بھی معاملے میں کسی قسم کی دھمکیاں موصول نہیں ہوئیں اس لیے ان کے ساتھ کوئی سیکیورٹی گارڈ بھی نہیں تھا۔
دریں اثنا اے آر وائی نیوز نے چیف جسٹس کے بیٹے کو لے جانے والی گاڑی کی فوٹیج حاصل کرلی جس کے مطابق ایک سفید رنگ کی کار میں انہیں لے جایا گیا جس پر ایس پی 0586 کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ ایک اور فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اویس شاہ سپر اسٹور میں شاپنگ کررہے ہیں بعدازاں وہ گیٹ سے باہر نکل گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف نوعیت کے اہم ترین مقدمات چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی زیر سماعت ہیں،اویس شاہ کو لے جانے والی گاڑی پر لگی ہوئی نمبر پلیٹس سندھ پولیس کی گاڑیوں پر لگی ہوتی ہیں تاہم تحقیقات کے بعد ہی حتمی معاملہ سامنے آسکے گا۔