بدھ, جون 10, 2026
اشتہار

عید کا چاند دیکھنے کے بعد جلدی اعلان کی درخواست پر چیف جسٹس کے دلچسپ ریمارکس

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں عید کے چاند کے جلد اعلان کی درخواست پر چیف جسٹس نے دلچسپ ریمارکس دیتے ہوئے کہا چاند نظر آئے گا تو ہی اعلان ہوگا نا!

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں عید کے چاند کا اعلان جلد کرنے سے متعلق شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور درخواست گزار کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔

شہری عبداللہ شفیق نے ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہو کر موقف اختیار کیا کہ رویت ہلال کمیٹی چاند کے اعلان میں بہت تاخیر کر دیتی ہے، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے "چاند نظر آئے گا تو ہی اعلان کیا جائے گا نا! پہلے چاروں صوبوں سے شہادتیں اکٹھی کی جاتی ہیں، پھر کمیٹی کی میٹنگ ہوتی ہے اور اس کے بعد فیصلہ ہوتا ہے، اس تمام عمل میں وقت تو لگتا ہے۔”

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ چاند نظر آئے بغیر تو اعلان ممکن نہیں، تاہم ہم اس معاملے پر متعلقہ حکام سے رپورٹ مانگ لیتے ہیں۔

درخواست گزار عبداللہ شفیق نے عدالت سے استدعا کی کہ رویت ہلال کمیٹی کو پابند کیا جائے کہ وہ چاند دیکھ کر فوراً اعلان کرے، اعلان میں تاخیر کی وجہ سے لوگ تراویح پڑھ لیتے ہیں اور بعد میں پتہ چلتا ہے کہ عید ہے جبکہ رات گئے اعلان ہونے سے مارکیٹوں میں اچانک شدید رش بڑھ جاتا ہے، جس سے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

درخواست گزار نے یہ انوکھی استدعا بھی کی کہ عید کی شاپنگ والی دکانوں کے علاوہ دیگر تمام مارکیٹیں بند رکھنے کا حکم دیا جائے تاکہ نظم و ضبط قائم رہے۔

عدالت نے شہری کی درخواست پر وزارتِ مذہبی امور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی تاہم عدالت نے کیس کی آئندہ کوئی تاریخ مقرر نہیں کی ہے۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں