اسلام آباد(15 جون 2026): عدالت نے 4 اکتوبر احتجاج اور پولیس اہلکار کی شہادت کے کیس میں وزیر اعلیٰ کے پی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 4 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت کے کیس میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ نون میں درج مقدمے پر سماعت کی۔ عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عامر مغل اور حفیظ الرحمان سمیت دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
دوسری جانب عدالت میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی حد تک کیس کا ٹرائل جاری ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف یہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ نون میں درج ہے، جس کی سماعت کے دوران عدالت نے مفرور اور غیر حاضر ملزمان کے خلاف سخت قانونی احکامات جاری کیے۔


