لندن : برطانیہ میں 8 سالہ بچہ اپنی سالگرہ کے دن غبارے سے کھیلتا ہوا موت کے منہ میں چلا گیا، اس کی ماں اس ہولناک منظر کو بیان کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی۔
ایک ماں نے اپنے 8 سالہ بیٹے کی المناک موت کے اس ہولناک لمحے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کی وہ چیخ آج بھی اس کے کانوں میں گونجتی ہے اور شاید کبھی نہ بھول سکے۔
کارلی ڈنبر اور ان کے شوہر جیمی نے ٹی وی پروگرام میں اپنے بیٹے جوشوا کی دردناک موت کی کہانی سنائی، جو اس کی 8ویں سالگرہ کے دن ایک المناک حادثے میں زندگی کی بازی ہار گیا۔
رپورٹ کے مطابق 27 اپریل 2024 کو جوشوا اپنے کمرے میں بے ہوش حالت میں پایا گیا، جہاں اس کے سر پر 8 کے ہندسے کی شکل والا ہیلیم غبارہ موجود تھا۔
فوری طور پر بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بعد ازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اس کی موت ہیلیم غبارے کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی۔
غم سے نڈھال ماں کارلی نے بتایا کہ سالگرہ کی خوشیوں کے دوران جوشوا غبارہ لے کر اوپر اپنے کمرے میں چلا گیا میں کچھ دیر بعد کمرے میں گئی تو دیکھا وہ سکون سے بستر پر بیٹھا ٹی وی دیکھ رہا تھا اور غبارہ اس کے ساتھ ہی تھا، میں نے اس سے بات کی اور نیچے آگئی، لیکن چند ہی لمحوں بعد سب کچھ بدل گیا۔
اسی دوران بچے کے والد جیمی نے لرزتی ہوئی آواز میں بتایا کہ جب میں اوپر آیا تو دیکھا غبارہ آدھا پچکا ہوا تھا۔ ایک لمحے بعد احساس ہوا کہ جوشوا بستر پر لیٹا ہے اور غبارہ اس کے سر پر چڑھا ہوا ہے۔ میں نے فوراً اسے اٹھایا اور غبارہ پھاڑ کر الگ کیا۔”
کارلی نے آنسوؤں کے ساتھ کہا کہ آج بھی وہ لمحہ اتنا ہی تازہ ہے جتنا اس وقت تھا، جب میں نے اپنے شوہر جیمی کی چیخ سنی، وہ چیخ شاید کبھی میرا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ کمرے میں داخل ہوئیں تو اپنے بیٹے کو بے جان حالت میں دیکھ کر گھبرا گئیں اور مدد کے لیے پڑوسیوں کو پکارنے باہر بھاگیں۔
ریسکیو اہلکار اور ایئر ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچے، اسپتال میں ڈاکٹروں اور نرسوں نے بچے کو بچانے کے لیے بھرپور کوشش کی اور سی پی آر بھی کیا، مگر تمام کوششیں ناکام رہیں اور ہمارا بیٹا ہمیشہ کیلیے ہمیں چھوڑ کر چلا گیا۔
اس المناک حادثے کے بعد جوشوا کے والدین نے ہیلیم غباروں کی فروخت پر پابندی کے لیے مہم شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پابندی ممکن نہ بھی ہو، تو کم از کم لوگوں کو اس کے خطرات سے آگاہ کیا جائے تاکہ کوئی اور خاندان اس درد سے نہ گزرے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



:max_bytes(150000):strip_icc():focal(749x0:751x2)/Parents-son-dies-helium-balloon-052026-e85f689604bb40c9b800fd33c066b46e.jpg)