اسلام آباد : وفاقی تفتیشی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث انٹرنیشنل گروپ کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ نے خفیہ اطلاع پر اسلام آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی کے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔
اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم جمیل خان مختلف غیراخلاقی فیس بک پیجز بھی آپریٹ کرتا تھا، ملزم انٹرنیشنل پورنوگرافرز کے واٹس ایپ گروپس میں بھی متحرک تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے بچوں کی متعدد غیراخلاقی تصاویراور ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں، اس کے علاوہ ملزم ایشین غیرملکی بچوں کو ٹارگٹ کرنے میں بھی ملوث ہے۔
ایف آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ ملزم بچوں کی غیراخلاقی تصاویر فروخت کرتا تھا، ملزم سے ایک گروپ سے تصاویر پھیلانے کاریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے، ایف آئی اے نے ملزم کیخلاف پیکا کی سیکشن20,21اور22 کےتحت مقدمہ درج کیا ہے۔
مزید پڑھیں : چائلڈ پورنو گرافی کے انٹرنیشنل گروہ کا کارندہ نارووال سے گرفتار
واضح رہے کہ اس سے قبل یکم دسمبر کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے نارووال سے بچوں کی نازیبا ویڈیوز بناکر فروخت کرنے والے عالمی گروپ کے کارندے کو گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق برازیل کی حکومت نے ملزم سے متعلق معلومات پاکستان کے ساتھ شیئر کی تھیں، انٹرپول سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں ملزم کو گرفتار کیا گیا۔